راولپنڈی(یو این پی) ہفتہ کو نیپال اور بھارت میںآنے والے شدید زلزلے کے جھٹکے راولپنڈی اور گردو نواح میں بھی محسوس کئے گئے اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے میدانوں میں جمع ہو گئے ۔زلزلہ کے جھٹکے ہفتہ کو دن تقریباً 11بج کر 17منٹ پر محسوس کیے گئے ۔زلزلے کے طویل دورانیہ کے باعث راولپنڈی کینٹ کے علاقے صدر میں واقع پونچھ ہاؤ س کمپلیکس کی بالائی منازل کے مکین خوف زدہ ہو کر بلڈنگ سے باہر آگئے ۔اسی طرح شہر کے دیگر مضافاتی علاقوں میں واقع سہ منزلہ عمارات کے مکینوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے ۔ریسکیو1122نے ہفتہ کو آنے والے زلزلہ سے فوری طور پر کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں کی ۔زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلے کی شدت رکٹر اسکیل پر 7.7درجے ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز نیپال میں 12کلو میٹر زمین کی گہرائی میں تھا ۔ ماہرین ارضیات نے یو ا ین پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے کے باوجود زلزلے کا مرکز دور ہونے کی بدولت کسی قسم کے نقصان کا اندیشہ نہیں ہے ۔