سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘فیس بک’ پر پاکستانیوں کی تعداد 90 لاکھ سے تجاوز کر گئی
اسلام آباد(یوا ین پی) دنیا کی سب سے بڑی اور مشہور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘فیس بک’ پر پاکستانیوں کی تعداد 90 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ پاکستان میں اس سوشل میڈیا ویب کو استعمال کرنے والے 27لاکھ خواتین اورباقی مرد ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق 90 لاکھ کی تعداد میں 70 فیصد فیس بک استعمال کرنیوالوں کی عمر 25 سال اور اس سے کم بتائی گئی ہے، جبکہ گریجویٹ ڈگری ہولڈر پاکستانی فیس بک صارفین کی کل تعداد 20 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔پاکستان میں سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی تجزیاتی رپورٹ مرتب کرنیوالی ویب ‘دی ورلڈ اسٹریجی’ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر ہفتے کئی ہزار نئے پاکستانی شہریوں کے پروفائلز سامنے آ رہے ہیں۔ یواین پی کے مطابق رواں سال کے پہلے ماہ جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں فیس بک استعمال کرنے والوں کی تعداد 80 لاکھ کے قریب تھی، جبکہ 6 ماہ کے دوران فیس بک استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔