صدر مملکت ممنون حسین کی امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر خالد الغامدی سے ملاقات میں گفتگو

Published on April 27, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 404)      No Comments

2
اسلام آباد (یو این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، اس میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے۔ یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر خالد الغامدی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے صدر مملکت سے پیر کو ایوان صدر میں ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکمران سعودی عرب کیلئے خصوصی جذبات رکھتے ہیں۔ پاکستانیوں کے دل سعودی عرب کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو چیز سعودی عرب کیلئے اچھی ہے وہ پاکستان کیلئے بھی اچھی ہے اور جو چیز سعودی عرب کیلئے اچھی نہیں وہ پاکستان کیلئے بھی اچھی نہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد سعودی عرب میں موجود ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ اس موقع پر امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر خالد الغامدی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تعلقات ہیں جن کی بنیادیں بہت مضبوط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام میں حرمین شریفین اور سعودی حکومت کے ساتھ محبت میں کوئی شک نہیں ہے۔ دونوں ملکوں کے تعلقات میں کوئی دراڑ نہیں آ سکتی، دونوں ملکوں کے مقاصد ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام طبقات حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے پرعزم ہیں۔ امام کعبہ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اگر سعودی عرب پر کوئی مشکل وقت آیا تو پاکستان پیچھے نہیں ہٹے گا۔ اس موقع پر امام کعبہ نے خیبرپختونخوا میں بارشوں اور طوفان سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ ملاقات کے بعد صدر مملکت ممنون حسین اور امام کعبہ نے تحائف کا تبادلہ بھی کیا۔ امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر خالد الغامدی نے ایوان صدر اسلام آباد میں نماز ظہر کی امامت کی جس میں صدر مملکت ممنون حسین سمیت ایوان صدر کے افسروں اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز کے بعد امام کعبہ نے سورۃ الضحیٰ کی تلاوت کی اور پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ امام کعبہ نے سعودی عرب کی سالمیت اور استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کے لئے بھی خصوصی دعا کی۔ امام کعبہ نے صدر مملکت کی صحت اور درازی عمر کیلئے بھی دعا کی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog