اسلام آباد ۔۔۔ ایشین بریڈمین ظہیرعباس نے کہا ہے کہ اس وقت تمام نظریں زمبابوین ٹیم کے دورہ پاکستان پر مرکوز ہیں، اگر زمبابوے کی ٹیم یہاں آئی تو اس سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں مدد ملے گی، ہماری ٹیم میں ایک بھی میچ ونر پلیئر موجود نہیں جو کہ مایوس کن بات ہے۔ بدھ کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے زمبابوین ٹیم کے دورہ پاکستان کی حمایت کی اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر زور دیا ہے کہ وہ اس کے بعد دوسری ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیموں کو بھی یہاں آنے کی دعوت دیں، مجھے یقین ہے کہ کئی غیرملکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے کھلاڑیوں کیلئے اچھی خبر ہے جو اپنے شائقین کے سامنے غیرملکی ٹیموں سے مقابلے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد یہ ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہو گا اسلئے پی سی بی کو چاہیے کہ وہ اس کے کامیاب اور یادگار انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے۔ ایشین بریڈمین نے کہا کہ پوری قوم انٹرنیشنل میچز دیکھنے کیلئے بے تاب ہے اسلئے پی سی بی کو چاہیے کہ وہ لاہور سمیت کراچی، راولپنڈی اور اسلام آباد میں میچز رکھے تاکہ سب کو لطف اندوز ہونے کا موقع مل سکے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز اور واحد ٹی ٹونٹی میچ میں گرین شرٹس کی ناقص کارکردگی کے بارے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں میں جیت کی لگن اور جذبہ نظر نہیں آیا جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم میں یہ سب باتیں موجود تھیں، بدقسمتی سے اس وقت ہماری ٹیم میں ایک بھی میچ ونر کھلاڑی موجود نہیں جو کہ مایوس کن بات ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کو ابھی سے آئندہ برس شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری شروع کر دینی چاہیے۔