ملک کے تمام علاقوں میں شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کے فوائد عوام کو پہنچیں: نواز شریف

Published on May 4, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 609)      No Comments
1
اسلام آباد ( یو این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کا جائزہ لیا گیا۔ پیر کی سہ پہر یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے موجودہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی کے اخراجات اور آئندہ سال کیلئے مجوزہ فنڈز مختص کرنے کا جائزہ پیش کیا جس میں چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور اور ایل این جی پاور پراجیکٹس شامل ہیں۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ موجودہ مالی سال 2014-15ء میں منصوبوں کیلئے اب تک 525 ارب روپے کی مختص رقم میں سے 72 فیصد رقم کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اہم منصوبوں کی تیزی سے تکمیل کیلئے اقدامات کئے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ غیر استعمال شدہ رقم مکمل طور پر استعمال میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کیلئے مختص فنڈز کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ ملک کے تمام علاقوں میں شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں کے فوائد عوام کو پہنچیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مناسب انداز میں فنڈز مختص کئے جائیں جہاں ان کی زیادہ ضرورت ہو۔ وزیراعظم نے فنڈز کے موثر استعمال کیلئے سال کی ہر سہ ماہی میں پی ایس ڈی پی فنڈز جاری کرنے کے میکنزم میں تبدیلی کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر، سیکرٹری ایوی ایشن محمد علی گردیزی، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی حسن نواز تارڑ، سیکرٹری پانی و بجلی یونس دگھا، سیکرٹری مکانات و تعمیرات شاہ رخ ارباب، سیکرٹری ریلویز پروین آغا اور قائم مقام سیکرٹری فنانس عذرا مجتبیٰ نے شرکت کی۔
Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Premium WordPress Themes