کراچی۔۔۔ لیجنڈ فلم سٹار مصطفی قریشی نے مطالبہ کیا ہے کہ ملکی سطح پر بیرون ملک جانے والے وفود میں شوبز شخصیات کو بھی شامل کرنا چاہئے، میں وزیر اعظم محمد نواز شریف سے درخواست کرتا ہوں کہ بیرون ممالک جانے والے وفود میں سینئر فلمسٹار، فلمساز اور ڈائریکٹرز کو بھی شریک کریں ، اس طرح فلم انڈسٹری ، فلموں کی پروڈکشن اور تجارت کو فائدہ ہو گا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک بھارت کی حکومت اپنے ملک کی فلم انڈسٹری فنکاروں کو بہت عزت اور اہمیت دیتی ہے مگر ہمارے ہاں ہر حکومت اسے نظر انداز کرتی ہے، ہماری حکومت کو یہ بھی چاہئے کہ وہ بھارتی فلموں کی پاکستان میں غیر قانونی نمائش کو روکے اور اگر نمائش ضروری ہے تو اس کے لئے ایک واضح پالیسی بنائے۔