بہاولنگر(یواین پی)پاکستان مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ و ممبر قومی اسمبلی چوہدری اعجاز الحق نے کہا ہے کہ قومی اداروں اور افواج پاکستان کیخلاف پراپگنڈہ کرنے والے عناصرکسی صورت محب وطن نہیں ہوسکتے۔ضیاء لیگ کی طرح پی ٹی آئی کا جن بوتل میں بند کرنے کے پاکستان مسلم لیگ ن کے دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔آزادی صحافت کے ساتھ ساتھ افراتفری پھیلانے والے الیکٹرونک میڈیا کی بھی لگام ہونی چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ بہاولنگر کے زیر اہتمام عالمی یوم صحافت کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔چوہدری اعجازالحق نے مزید کہا کہ کراچی آپریشن اور ضرب عضب کو کوئی سیاسی یا مذہبی جماعت اپنے خلاف انتقامی کاروائی نہ سمجھائیں یہ بھتہ خوروں اور ملک دشمن عناصرکے خلاف موئثر کاروائی ہے جو افواج پاکستان اور حکومت پاکستان کی جانب جاری ہے اسے تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کی بھرپورحمایت حاصل ہے۔صحافت ملک کا چوتھا ستون ہیے جس کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔مثبت اور ذمہ دار رپورٹنگ سے معاشرے میں بہتری ممکن ہے۔بڑے شہروں کی طرح علاقائی صحافیوں کو بھی مراعات دینا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔علاقائی صحافی جو مشکل حالات میں بھی اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھ سمیت تمام سیاسی قائدین جو برسراقتدار رہے یاہیں ملک کو آئی ایم ایف اوردیگر غیرملکی اداروں کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے ۔ملک کی بہتری کیلئے قومی اداروں سیاستدانوں کو ملکرمتفقہ ایجنڈا طے کرتے ہوئے اس پر عمل پیراہونا ہوگاتاکہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالتے ہوئے حقیقی عوامی ریلیف کو ممکن بنایا جاسکے۔آخرمیں شہداء صحافت کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ،چوہدری اعجاز الحق نے صحافتی حوالے سے نمایاں خدمات انجام دینے والے صحافیوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔تقریب سے ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ کے صدر عاطف خاکوانی،جنرل سیکرٹری طاہرکریم خان،صدر بارچشتیاں چوہدری عمران رشید،تحریک انصاف کے رہنما سید احمد ندیم زمان شاہ،چوہدری خلیل،میرمستانہ سہروردی،طارق حفیظ،وحید احمد کھرل،افتخارشاہ جی ایم قادری،پیرعلی رضابودلہ،راشد سعید،نذیر مسیح اور فضل گجر سمیت سینئر صحافیوں نے بھی خطاب کیا۔