لاہور(یواین پی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ گزشتہ برسوں کی طرح رواں برس بھی رمضان المبارک کے دوران صوبے کے عوام کو معیاری اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کے لئے سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے۔رمضان بازاروں میں معیاری پھلوں او رسبزیوں کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فیئر پرائس شاپس اور گرین چینل کھولے جائیں گے۔رمضان بازاروں میںآٹا، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ مارکیٹ سے کم ریٹ پر دستیاب ہوں گی۔کسی کو اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کر کے عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے ۔کابینہ کمیٹی اورمتعلقہ محکمے باہمی مشاورت کے ساتھ اگلے پانچ روز میں حتمی سفارشات پیش کریں۔وہ آج یہاں ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس میں رمضان پیکیج کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سستے رمضان بازاروں میں عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے انتظامات پہلے سے بڑھ کرکئے جائیں۔رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی سٹورز کے خصوصی سٹال بھی لگائے جائیں۔پنجاب میں مدنی دسترخوانوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہونا چاہیے۔عوام کو معیاری اشیاء کی سستے داموں فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔رمضان بازاروں کی سکیورٹی کا فول پروف نظا م و ضع کیاجائے ۔رمضان بازاروں کے حوالے سے موثر مانیٹرنگ کا نظام بھی وضع کیا جائے۔صوبائی وزراء بلال یاسین، فرخ جاوید،مجتبیٰ شجاع الرحمن، ایم پی اے عائشہ غوث پاشا، متعلقہ سیکرٹریز ، کمشنر لاہور ڈویژن،ڈی سی او لاہور اور اعلیٰ حکام کی ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی ۔