خیبرپختونخوا کی حکومت نے توانائی کا ایک منصوبہ بھی شروع نہیں کیا :عابد شیر علی

Published on May 8, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 264)      No Comments

8
اسلام آباد (یو این پی) پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے توانائی کا ایک منصوبہ بھی شروع نہیں کیا ، پنجاب حکومت نے توانائی کی کمی کے باعث شمسی توانائی کا نظام استوار کرلیاہے ، ان علاقوں میں زیادہ لوڈ شیڈنگ ہو گی جہاں پر فیڈر نقصان پر چل رہے ہیں ۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت صوبہ میں توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے ایک منصوبہ بھی شروع نہیں کر سکی یہاں تک کہ ان ترقیاتی منصوبوں کے فنڈ بھی لیپس ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے مقابلہ میں پنجاب حکومت کی جانب سے توانائی کے بحران کے پیش نظر شمسی توانائی کے منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ان علاقوں میں زیادہ لوڈ شیڈنگ ہو گی جہاں پر بجلی چوری کی روایت زیادہ ہے اور فیڈر نقصان پر چل رہے ہیں، ہم نے بار بار صوبہ خیبرپختونخواکی حکومت سے چوری کو روکنے کا مطالبہ کیا مگر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخوا کی حکومت کو پیسکو لینے کی درخواست کی تھی کہ انتظام سنبھال کر ادارے کو چلائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں انتخابات سے متعلق اصلاحات لانا ہوں گی، لوگوں کے دلوں میں تحفظات کو دور کرنا ہو گا اور انتخابات سے متعلق سسٹم کو بہتر کرنا ہو گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے بحران کے خاتمے کے لئے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، حکومت ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر کے دم لے گی، 2017ء میں ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ماں ایک عظیم ہستی ہے اور عظیم نعمت ہے، میں آج جو کچھ ہوں ماں کی دعاؤں کی وجہ سے ہوں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Themes