سرینگر (یو این پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے محمد یاسین ملک ،انجینئر ہلال احمد وار ، جاوید احمد میر اور شوکت احمد بخشی سمیت متعدد حریت رہنماؤں کو سرینگر سے گرفتار لیا ہے۔میڈیا کے مطابق پولیس نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کوپارٹی رہنماؤں شوکت احمد بخشی ، بشیر کشمیری اور محمد یونس سمیت سرینگر کے علاقے پارمپورہ سے گرفتار کرلیا۔ وہ بارہمولہ قصبے میں چند روز قبل آتشزدگی سے متاثرہ خاندانوں جن کے مکانات جل کر خاکستر ہوگئے تھے سے اظہار یکجہتی کیلئے جارہے تھے۔انہوں نے متاثرین میں امدادی سامان بھی تقسیم کرنا تھا ۔تاہم پولیس نے انہیں گرفتار کر کے پارمپورہ پولیس اسٹیشن میں نظربند کر دیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں ہلال احمد وار ، جاوید احمد میر اورمحمد شفیع ایک عوامی ریلی کی قیادت کرنے کیلئے بیج بہاڑہ جار ہے تھے تاہم پولیس نے انہیں پانتھہ چھوک سے گرفتار کرلیا ۔ ریلی سے حریت چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھی خطاب کرنا تھا ۔ پولیس نے ان رہنماؤں کو مقامی پولیس اسٹیشن میں نظربند کر دیا ہے۔