اسلام آباد(یوا ین پی)الیکشن کمیشن کی طرف سے رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد خواجہ سعد رفیق کا نام قومی اسمبلی کی ویب سائٹ سے بطور رکن اسمبلی ہٹا دیا گیا تاہم سعد رفیق بطور وفاقی وزیر اب بھی موجود ہیں ،میاں نصیر کا نام بھی پنجاب اسمبلی کی آفیشل ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا۔الیکشن ٹربیونل نے حلقہ این اے 125سے منتخب خواجہ سعد رفیق اور ذیلی حلقہ پی پی 155سے میاں نصیر احمد کا انتخاب کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ انتخاب کا حکم دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ موصول ہونے کے بعد دونوں رہنماؤں کی اسمبلی رکنیت ختم ہونے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جسکے فوری بعد خواجہ سعد رفیق کا نام قومی اسمبلی کی آفیشل ویب سائٹ سے بطور رکن اسمبلی ہٹا دیا گیا تھا تاہم اسی ویب سائٹ پر وفاقی کابینہ میں خواجہ سعد رفیق بطور وزیر ریلوے موجود ہیں ۔میاں نصیر کا نام بھی نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود تاخیر سے پنجاب اسمبلی کی ویب سائٹ سے ہٹایا گیا۔