اسلام آباد(یو این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ معاشرے میں عمران خان کے علاوہ کوئی آپشن نہیں‘ عمران کے علاوہ کوئی لیڈر ہوا تو عوام کو ضرور بتاؤنگا‘جس نے منی لانڈرنگ کے جرم کا اعتراف کیا وہ قومی خزانے کا چوکیدار ہے‘ ٹارگٹ کلرز اور را کے ایجنٹ کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ ٹھیک ہے‘ اعتراف کرتا ہوں دھرنے سے وہ نتائج حاصل نہ کر سکے جن کی امیدلگائی ۔ اپنے ایک انٹر ویو کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں دھرنے میں جوڈیشل کمیشن پر آمادہ نہ تھامگر اب عمران خان کے ساتھ ساتھ مجھے بھی کمیشن سے بہت سے امیدیں ہیں اور آنیوالے دنوں میں حکو مت کیلئے مزید مشکلات نظر آرہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے کے پیچھے ایجنسیوں کا ہاتھ ہوتا تو کوئی فیصلہ آچکا ہوتا‘ عمران کے ساتھ کھڑا ہوں اور سائے کی طرح ساتھ رہونگااور میں اب بھی یہ بات سمجھتاہوں کہ سڑکوں پر نکل کر ہی قوم کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ عام انتخابات میں پاکستانی تاریخ کی بدتر ین دھاندلی ہوئی ہے اور خواجہ سعد رفیق کے بعد سپیکر قومی اسمبلی کے حلقے میں بھی دھاندلی کی تصد یق ہو چکی ہے اور آنیوالے دنوں میں مزید دھاندلی زدہ لوگ بے نقاب ہو نگے ۔