کویت، فرینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

Published on May 16, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 535)      No Comments

11206966_903781563015100_980735506019356377_n
کویت سٹی( عبدالشکورابی حسن )گذشتہ دنوں فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام پاکستان سکول سالمیہ میں 12 ویں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا، جس سے سینکڑوں کی تعداد میں تارکین وطن مستفیض ہوئے، مفت ای سی جی، شوگر، بلڈ پریشر، ہیپاٹائٹس ٹیسٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ کویت میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کی کثیر تعداد چیک اپ کے لئے کیمپ میں موجود تھی جن میں ڈاکٹر آفتاب احمد خان ،ڈاکٹر ماجد ،ڈاکٹر خورشیداحمد،ڈاکٹر سعید احمداوردرجنوں لیڈی ڈاکٹرنے شرکت کی۔اس سلسلے میں فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین ملک نور سب سے مستعد نظر آئے وہی ڈاکٹر افتخاراحمدنیازی بھی متحرک تھے، انہوں نے تمام مہمانوں کا فرداً فرداً استقبال کیا۔ پاکستان بزنس کونسل کے صدر محمد عارف بٹ، ممبر اوورسیز پاکستانیز ایڈوائزری کونسل حافظ محمد شبیر بھی ان کے ساتھ تھے جبکہ پاکستان بلڈ ڈونر کے عامر حمید،احسان الحق اوران کی ٹیم کے ارکان نے اسٹائل لگارکھے تھے
سفیر پاکستان محمد اسلم خان اور مسز محمد اسلم خان کی کیمپ میں آمد تھی، ملک نور چیئرمین فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ نے حافظ محمد شبیر، محمد عارف بٹ، پرنسپل پاکستان سکول سالمیہ محترمہ زرینہ غلام محمد خان کے ہمراہ سفیر پاکستان کا استقبال کیا۔ تفاؤل کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر پیر امجد جو فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کے رکن بھی ہیں، ٹرسٹ کے عہدیدار شیخ بشیر احمد اور دیگر نے بھی سفیر پاکستان کا استقبال کیا۔ سفیر پاکستان نے کیمپ کا تفصیلی دورہ کیا، وہ ایک ایک میل اور فی میل ڈاکٹر کے پاس گئے، ان سے کیمپ کے بارے میں معلومات حاصل کیں، انہوں نے ای سی جی، بلڈ پریشر اور دیگر سروسز کا بغور جائزہ لیا۔ انہوں نے استقبالیہ نشستوں پر موجود اساتذہ سے بھی معلومات حاصل کیں۔ بعدازاں انہوں نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ کمیونٹی خدمت میں شریک ڈاکٹرز اور دیگر افراد کو خر اج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین ملک نور کو مبارکباد پیش کی کہ وہ ہر سال فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کر کے کمیونٹی کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں۔
صدر پاکستان بزنس کونسل محمد عارف بٹ، ممبر اوپیک حافظ محمد شبیر نے بھی فری میڈیکل کیمپ کے انتظامات کو سراہا اور چیئرمین فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ سفیر پاکستان نے شرکاء سے ان کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کے لئے فوری ہدایات بھی جاری کیں۔ ادارہ کی پرنسپل زرینہ غلام محمد انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے آخروقت تک متحرک نظر آئیں۔ پاکستان سکول سالمیہ کے اساتذہ انتظامات میں پیش پیش رہے۔ چیئرمین فرینڈز ٹرسٹ ملک نور نے سفیر پاکستان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کیمپ کا دورہ کر کے ان کی اور ان کی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کیمپ میں شرکت کرنے والے تمام ڈاکٹروں کا بھی شکریہ ادا کیا، انہوں نے فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کی ٹیم شیخ بشیر احمد اور ان تمام احباب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے فری میڈیکل کیمپ کے کامیاب انعقاد کے لئے ان سے بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ آئندہ بھی کمیونٹی کی خدمت کے لئے فری میڈیکل کیمپس کا اہتمام کرتے رہیں گے۔
پاکستان نیشنل انگلش سکول حولی کے ڈائریکٹر ماجد علی چوہدری اور عابد علی چوہدری جو اپنے ادارہ میں متعدد فری میڈیکل کیمپس کی میزبانی کے فرائض انجام دے چکے ہیں، کیمپ کے انعقاد کو سراہا اور چیئرمین فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ کمیونٹی کی کئی دوسری سرکردہ شخصیات طارق نذیر، محمد افضل شافی، محمد ایوب بھٹی، جہانزیب خان، طارق علی محسن، شہزاد احمد خان نے بھی کیمپ میں شرکت کی اور کمیونٹی کی گرانقدر خدمات پر چیئرمین فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی، فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق مجموعی طور پر 706 مریضوں نے کیمپ کا دورہ کیا۔ 73 افراد میں شوگر اور 60 میں بلڈ پریشر کی نشاندہی ہوئی۔
امراض اطفال اور گائناکالوجی، امراضِ معدہ، امراضِ جلد، الرجی، امراضِ سینہ، ای این ٹی، امراضِ چشم، آرتھوپیڈک سرجن اور نیورو سرجن ڈاکٹروں نے کیمپ میں شرکت کی۔ مستفید ہونے والے افراد میں سے 530 پاکستانی، 75 انڈین، 45 بنگلہ دیشی، 12 سری لنکن، 29 افغانی اور 15 عرب باشندے شامل تھے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Theme