منفی سیاست کرنے والے دہشت گردی کو تقویت دیتے ہیں،دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کو ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر مقابلہ کرنا ہوگا
پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں کی نظر سے کوئی نہیں بچ سکتا اور سانحہ صفورا کے مجرم بھی ایک دو روز میں پکڑے جائیں گے:اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد( یواین پی) وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے ملک میں جمہوریت کے نظام پر سب کا اتفاق رائے ہے اور حکومت کی تبدیلی صرف ووٹ کے ذریعے ہوگی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سینیٹرپرویزرشید کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کے نظام پر سب کا اتفاق رائے ہے اور حکومت کی تبدیلی صرف ووٹ کے ذریعے ہوگی، منفی سیاست کرنے والے دہشت گردی کو تقویت دیتے ہیں،دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سب کو ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر مقابلہ کرنا ہوگا جب کہ الزام تراشی کی سیاست سے فائدہ دہشت گردوں کو پہنچے گا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سانحہ صفورا کے واقعے سے ہر پاکستانی کا دل دکھا ہے، مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانا ہماراعزم ہے، پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں کی نظر سے کوئی نہیں بچ سکتا اور سانحہ صفورا کے مجرم بھی ایک دو روز میں پکڑے جائیں گے۔ پرویز رشید نے کہا کہ پاک فوج آپریشن ضرب عضب کو مکمل کرنے میں مکمل پراعتماد ہے۔ ایک سوال کے جواب پر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عدالت کے کام میں کسی کو مداخلت نہیں کرنی چاہئے اس لیے جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا لہٰذا عمران خان بھی جوڈیشل کمیشن کے کیس پر تبصرے سے گریزکرتے ہوئے پہلے سے کسی نتیجے پر نہ پہنچیں۔