برلن ۔۔۔ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے 5 ارکان اور جرمنی پر مشتمل چھہ فریقی گروپ میں ایران کے جوہری تنازعہ پر اختلافات ابھی تک برقرار ہیں۔جرمن جریدے درسپیگل کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ باہمی عدم اعتماد کو ابھی تک دور نہیں کیا جا سکا ہے۔ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران کے جوہری مسئلہ سے متعلق حتمی معاہدے پر دستخط کرنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہوگا کہ ایران اور امریکا کے درمیان فوری طور پر قربت پیدا ہوگی۔ ایران اور امریکا کسی بھی صورت مختلف پالیسی پر گامزن ہوں گے، ایران اپنا موقف تبدیل نہیں کرے گا اور اپنے مفادات کی وکالت کرتا رہے گا لیکن ضروری ہے کہ اس کے باعث تصادم پیدا نہ ہو۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہاکہ جوہری مسئلہ کے حل کے عمل میں پیش رفت ہوئی تو اس بنیاد پر دیگر مسائل کو بھی حل کیا جا سکے گا۔