موبائل فون سمز کی تصدیق کا مرحلہ مکمل ، 2 لاکھ 75 ہزار بند کر دی گئیں

Published on May 17, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 900)      No Comments

7
اسلام آباد (یواین پی) موبائل فون سمز کی تصدیق کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے جس کے بعد 10 لاکھ 30 ہزار سمز میں سے 2 لاکھ 75 ہزار سمز کی دوبارہ تصدیق کے بعد انہیں بند کر دیا گیا ہے جبکہ 7 کروڑ 55 لاکھ سمز کی تصدیق کی گئی ہے۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق موبائل فون سمز کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے 15 مئی 2015ء کی تاریخ مقرر کی گئی تھی اور 10 کروڑ 30 لاکھ فعال سمز کی تصدیق کا ہدف دیا گیا تھا۔ قبل ازیں ایک کروڑ 70 لاکھ سمز کی پہلے ہی بائیو میٹرک تصدیق 12 جنوری 2015ء تک جبکہ 2 کروڑ 10 لاکھ سمز کی تصدیق یکم اگست 2014ء تک کی گئی تھی۔ تصدیقی عمل کے بعد اب پی ٹی اے نے اس تمام مشق کے مستند ہونے کی تصدیق کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا حکم دیا ہے جبکہ اظہار دلچسپی کے نوٹس جاری کئے جا چکے ہیں جس کے ذریعہ تھرڈ پارٹی آڈیٹر کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ تصدیقی عمل کے بعد اب یہ کہا جا سکتا ہے کہ اب محفوظ پاکستان کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ سمز کی بائیو میٹرک ویریفکیشن سسٹم کے ذریعہ تصدیق کا عمل نیشنل ایکشن پلان کے ذریعہ شروع کیا گیا تھا، اس سے قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کہنے کے باوجود گذشتہ دور حکومت میں یہ کام نہیں ہو سکا لیکن موجودہ حکومت کے دور میں پی ٹی اے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت داخلہ، موبائل فون کمپنیوں اور نادرا کی کاوشوں سے یہ کام اپنے منطقی انجام کو پہنچا ہے جبکہ اس قومی کاز کیلئے پاکستان کے عوام نے بھی بھرپور تعاون کیا ہے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پی ٹی اے نے اس عمل کو نہ صرف شفاف بلکہ عوام کیلئے سہولت کا ذریعہ بنایا۔ سمز کی تصدیق کیلئے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا اور ایس ایم ایس کے ذریعہ باقاعدہ مہم چلائی گئی۔ قبل ازیں 12 اپریل 2015ء کی تاریخ دی گئی تھی تاہم بعد ازاں اس میں 15 مئی تک کی توسیع کی گئی اور موبائل کمپنیوں کو کہا گیا کہ وہ تصدیق نہ ہونے والی تمام سمز بلاک کر دیں، اس طرح ایسی سمز بلاک کر دی گئیں ۔ یہ سمز صرف اسی صورت میں بحال کی جا سکتی ہیں کہ ان کا مالک آ کر اس کی تصدیق کرائے جبکہ اب موبائل فون کمپنیوں کی جانب سے نئی سمز کا اجراء بائیو میٹرک ویریفیکیشن کے بعد ہی ممکن ہو سکے گا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog