اسلام آباد (یو این پی ) پازیٹیو پاکستان کی جانب سے الوندی لیڈرشپ کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔ پاکستان بھر سے 90 سے زائد نوجوان لیڈرزنے اس 2روزہ کیمپ میں شرکت کی ۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد کیمپ کا انعقاد گلیات کی پہاڑی مشکپوری ٹاپ پر سطح سمندر سے 9400 فٹ کی بلندی پر کیا گیا ۔کلیدی مقررین اور مشہور تربیت کاروں عابد اقبال کھاری، چوہدری ساجد اقبال ، عمیر رضا ، عثمان رضا اور دیگر نے ینگ لیڈرز کو ٹیم بلڈنگ، فیصلہ سازی ،مثبت رویوں اور تخلیقی سوچ کے فروغ کے حوالے سے عملی تربیت دی۔مرزا افضال بیگ ،محسن شہزاد ، انجینئر اصغر حیات،وقار احمدو دیگر نے شرکاء کو اپنے قیمتی تجربات سے آگاہ کیا ۔
تفصیلات کے مطابق2 روزہ الوندی لیڈرشپ کیمپ کا انعقادسطح سمندر سے 9400 فٹ کی بلندی پر مشکپوری ٹاپ پر کیا گیا ۔کیمپ کا انعقاد پازیٹیو پاکستان نے کیا تھا۔ کیمپ پاکستان بھر سے 90 نوجوان لیڈرز نے شرکت کی ۔اس لیڈر شپ کیمپ میں شرکا ء کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا ۔کلیدی مقررین اورمشہور تربیت کاروں عابد اقبال کھاری ، چوہدری ساجد اقبال ، عمیر رضا ،عثمان رٖضا اور دیگر نے ینگ لیڈرز کو نسلی ، ثقافتی ،سماجی اور سیاسی مسائل کے حل،ٹیم بلڈنگ، فیصلہ سازی ،مثبت رویوں اور تخلیقی سوچ کے فروغ کے حوالے سے عملی تربیت دی۔مرزا افضال احمد ،محسن شہزاد ، انجینٗر اصغر حیات،وقار احمدا ور دیگر نے شرکاء کو اپنے قیمتی تجربات سے آگاہ کیا ۔کیمپ کا مقصد مختلف طبقوں ، علاقوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے با صلاحیت نوجوانوں کو ایک جگہ اکھٹا کرکے ان کے درمیان سماجی قیادت کی روح پیدا کرنا تاکہ مستقبل کا موثر رہنما بننے کے لئے خود کو تیار کرسکیں ۔ لیڈر شپ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے صدر پازیٹیو پاکستان عابد اقبال کھاری نے کہا کہ نوجوان مستقبل کا قیمتی اثاثہ ہیں۔اقوام کی تقدیر نوجوان نسل کی تربیت پر منحصر ہوا کرتی ہے۔پاکستان کا نوجوان با صلاحیت ہے لیکن اس کے سوچ و فکر کے زاویے کی درست سمت راہنمائی ضروری ہے۔نوجوانوں کی فکری اور ذہنی نشودنما اور اُن میں مثبت سوچ کے فروغ کے لئے پازیٹیو پاکستان پلیٹ فارم مہیاکر رہی ہے تاکہ سماجی اور اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے اور معاشی سطح پر نوجوانوں کے کردار کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے ان کی تربیت کی جاسکے۔نوجوانوں کومعاشی ، سماجی اور سیاسی سطح پر بااختیار بنا کر ہی معاشرے میں ترقی ممکن ہے۔اقبال کی شاعری نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہے ۔یہ شاعری نوجوانوں کو ولولہ تازہ عطا کرتی ہے اور کچھ کرنے کی تڑپ دیتی ہے ۔ چوہدری ساجد اقبال نے کہا کہ اس وقت نوجوان نسل کی سوچوں کا دھارا صحیح سمت موڑنے کی ضرورت ہے ۔نوجوان نسل کو فوقیت ، علاقیت اور لسانیت کے نعرو ں سے دور کرنا ہوگا ۔کچھ اخلاقی برائیاں جب کسی معاشرے میں آتی ہیں تو اس معاشرے کو فساد سے بھر دیتی ہیں ، وہ معاشرہ ٹوٹ پھوٹ کا شکا ر ہوجاتا ہے ۔اگر ان برائیوں سے بچ جایا جائے تو ایک بہترین معاشرہ وجود میںآتا ہے ۔ان معاشرتی برائیوں سے بچنے کے لئے قرآن پاک سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔نوجوانوں کی فکری اور عملی رہنمائی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کامیاب لیڈر شپ کیمپ کے انعقاد پر پازیٹیو پاکستان کی ٹیم کو مبارکباد دی ۔چوہدری ساجد اقبال نے کہا کہ معاشرے میں مثبت تبدیلیوں کے لئے اسی طرح کی موثر کوششوں کی ضرورت ہے ۔ لیڈر شپ کیمپ میں تربیتی سیشنز کے علاوہ مختلف گیمز کا بھی انعقاد کیا گیا تھا ۔ جن کے لئے ایکٹیویٹی ایریا مختص کیا گیا تھا۔ان گیمز کا مقصد ینگ لیڈرز کی صلاحیتوں کو جانچنا اور انہیں ٹیم بلڈنگ اور ٹائم مینجمنٹ کے حوالے سے تربیت دینا تھا۔ اس کے علاوہ اس لیڈرشپ کیمپ میں ہائیکنگ ، بون فائر ، کیمپنگ کے انتظامات کیے گئے تھے۔اس کے علاوہ کیمپ کے شرکاء کے لئے درس قرآن کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔اپنی نوعیت کے اس منفرد کیمپ میں پاکستان بھر سے ینگ لیڈرز نے شرکت کی ۔ کیمپ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور انہیں مختلف دینی ، ادبی اور معاشرتی مسائل کیساتھ آگاہی کے ساتھ ساتھ ان سے نبرد آزما ہونے کی تربیت بھی ملی۔