لاہور ۔۔۔ پر وقار انداز اور نازک نازک سی شخصیت کی مالک ، پاکستانی فلم انڈسٹری کی اداکارہ اور ہدایت کارہ ، زیبا بختیار آج اپنی اڑتالیسویں سالگرہ منا رہی ہیں۔زیبا بختیار کسی خوشبو کی طرح آئیں اور آتے ہی چھا گئیں۔ ڈرامہ سیریل انارکلی سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا۔ مثالی خوبصورتی ، دلکش سراپا اور جاذب نظر انداز راج کپور کو بھاگیا، جنہوں نے فلم حنا کے ذریعے انہیں بالی وڈ میں انٹری دلائی۔ اداکارہ نے حنا کے بعد تعداد سے زیادہ معیار پر توجہ دی۔ یہ کئی نامی گرامی بالی وڈ ہیروز کی ہیروئن بنیں۔دل ہاریں تو عدنان سمیع خان پر، لالی وڈ کی میوزیکل سپر ہٹ فلم سرگم میں کام میں کیا۔ محبت کی یہ داستان زیادہ عرصے تک نہ چل سکی ۔ پاکستان میں رہ کر زیبا بختیار نے فلموں کے بجائے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانا شروع کیے۔زیبا بختیار اڑتالیس برس کی ہوگئی ہیں لیکن آج بھی ان کے پرکشش سراپے کی ہر کوئی مثالیں دیتا ہے۔