لاہور (یوا ین پی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز ذوالقرنین حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے مابین ون ڈے سیریز بھی کانٹے دار ہوگی اور پاکستان کو زمبابوے کے خلاف کامیابی کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔ لاہور میں یواین پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم متوازن ہے اور وہ گزشتہ کچھ عرصے سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اس لئے مہمان ٹیم کو آسان لینا غلطی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ٹیم بھی بیلنس ہے لیکن ون ڈے سیریز میں کپتان اظہر علی کو کھلاڑیوں کو اعتماد دینا ہوگا۔ ذوالقرنین حید ر نے کہاکہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان اور موجودہ حکومت کا بہت بڑا کارنامہ ہے اور امید ہے کہ دنیا کی بڑی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی لیکن اس کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم میں واپسی کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں اور ایک نہ ایک دن ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔