اسلام آباد (یو این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہر قسم کی ضروری معاونت جاری رکھے گی اور صوبے کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے لئے ملک کے دیگر صوبوں میں داخلے دیئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے صوبہ کے قائم مقام گورنر عبدالقدوس بزنجو سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر بلوچستان کے وزیر خزانہ میر خالد خان لانگو اور صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ترقیاتی میگا پروجیکٹس خاص طور پر پاک چین اقتصادی کوریڈور بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اور اسے ترقی کے معاملے میں ملک کے دیگرصوبوں کے ہم پلہ کردے گا۔ صدر مملکت نے اس موقع پر قائم مقام گورنر سے گوادر سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت کے بارے میں بھی دریافت کیا اور انہیں ہدایت کی وہ کسی قسم کے امتیاز کے بغیر صوبے کے تمام لوگوں کی خدمت کریں۔