سوات(یو این پی)بلدیاتی انتخابات کے بعد تخت سوات کے حصول کی جنگ چھڑگئی ہے اور سوات کی 6سیاسی جماعتوں نے گرینڈ الائنس کا اعلان کردیاہے ،گرینڈ الائنس کوضلع کونسل میں اب67میں سے 37منتخب ممبران کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق سوات میں ضلعی اور تحصیلوں کی سطح پر حکومتوں کے قیام کیلئے وفاقی مشیر انجینئرا میر مقام کی رہائش گاہ پر سنگوٹہ میں 6 سیاسی جماعتوں پر مشتمل گرینڈ الائنس کا قیام عمل میں لایا گیا ۔گرینڈ الائنس کے قیام کے حوالے سے سنگوٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما انجینئرا میر مقام اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے کہاکہ سوات میں عظیم تر عوامی مفادات کیلئے سیاسی جماعتوں نے مسلم لیگ ن کا ساتھ دیا ہے جو سواتی عوام کے بہتر مفاد میں ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ 37 منتخب ضلعی ممبران کے علاوہ مزید 8آزاد منتخب ممبران سے بھی رابطے ہوئے ہیں جو کل تک حتمی ہو جائیں گے۔اس موقع پر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت پی ٹی آئی حکومت اور مقامی انتظامیہ نے براہ راست مداخلت کی ہے ۔انہوں نے خبردار کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں پی ٹی آئی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ردو بدل سے باز آ جائیں ورنہ اس کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔