اسلام آباد(یواین پی)کالمسٹ کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام روہنگیا (میانمار) میں بسنے والے مظلوم مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، تفصیل کے مطابق کالمسٹ کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف اور مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج کیا گیا اور انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، احتجاجی مظاہرے میں کالمسٹ کونسل آف پاکستان کے اراکین وعہدیداران فیصل اظفر علوی، انجینئر اصغر حیات خان، وہاب رضا علوی، تنزیل الرحمن، چوہدری فیصل و دیگر نے شرکت کی، مظاہر میں معروف کالم نویس و تجزیہ نگار مظہر برلاس نے خصوصی شرکت کی اور مظاہرین سے خطاب کیا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کالمسٹ کونسل آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری فیصل اظفر علوی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ برمی حکومت پر مسئلے کے حل کیلئے زور ڈالے اور احتجاجاََ برما کے سفیر کو ملک بدر کرے اور سمندر میں پھنسے ہوئی برمی مسلمانوں کو پاکستانی ساحل پر اترنے کی اجازت دی جائے، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کالم نویس انجینئر اصغر حیات خان کا کہنا تھا کہ برما میں مسلمانوں کے قتل عام پر UNO کی خاموشی انتہائی قابل افسوس ہے، مسلمان ممالک کو اس طرح کے مسائل پر سنجیدہ لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے، معروف کالم نویس و تجزیہ کار مظہر برلاس نے اپنے خطاب میں حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس معاملے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے تاکہ برمی مسلمانوں کی داد رسی ہو سکے، مظاہرے میں سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔