سری نگر(یو این پی)کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہاہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیرہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی ہٹ دھرمی کیوجہ سے پورے خطے کا امن داؤ پر لگا ہوا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میرواعظ فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ میاں محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل مسٹر بانکی مون کے ساتھ تاجکستان کی دارلحکومت دوشنبے میں ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر کو انتہائی احسن طریقے سے پیش کیا۔ا نہوں نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ بھارت اس مسئلہ کے حل کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کا مثبت جواب دے ۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانا حل طلب مسئلہ ہے لہذا عالمی ادارے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے موثر کرادار ادا کرے۔ میر واعظ نے کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق ،حق خود ارادیت کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور بھارت اپنے تمام تر مظالم کے باوجود انکے جذبہ آزادی کودبا نہیں سکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس بھارت اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کیلئے با معنی مذاکراتی عمل کی ہمیشہ متمنی رہی ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کسی تیسرے فریق کی ثالثی کو نا گزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعتماد سازی کا فقدان مسائل کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جسے کسی تیسرے کی ثالثی کے بغیر ختم نہیں کیا جا سکتا اور اقوام متحدہ بخوبی اس کردار کو ادا کرسکتا ہے ۔