لاہور (یوا ین پی) مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما پرویز الٰہی نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے دور میں پنجاب کا گروتھ ریٹ سات اعشاریہ سات فیصد تھا۔ ن لیگ کے منصوبوں نے صوبے کو پیچھے دھکیل دیا، عوام پر ٹیکسز کا بوجھ ڈالا جارہا ہے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ سات سال پہلے والے بجٹ میں آرٹ یونیورسٹی بنانے کا دعویٰ کیا گیا تھا، سات سال کے عرصے میں موجودہ حکومت کی طرف سے کوئی ترقی نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا ہمارے دور حکومت میں پنجاب کا گروتھ ریٹ 7.7 تھا۔ ہمارے دور میں ترقیاتی منصوبوں کا فنڈز مکمل طور پر ترقیاتی کاموں میں استعمال ہو ا جبکہ شہباز شریف صر ف منصوبے شروع کر کے خوش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا لاہور کی جنگلہ بس کی سبسڈی ماہانہ ایک ارب ہے جبکہ سستی روٹی کا منصوبہ مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا۔ انہوں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے شادیوں کی تقاریب، میک اپ اور با ل کٹوانے تک پر ٹیکس لگا دیا ہے جبکہ 1122 کے ادارے کے اشتہار میں چندہ مانگے کا کہا گیا ہے، 1122 ادارے کو نہ تو گاڑیاں لے کر دی ہیں اور نہ تنخواہیں بڑھائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی میں 15 فیصد اضافہ اور تنخواہوں میں 7فیصد اضافہ زیادتی ہے، شہبازشریف کے تمام کام صرف نمائشی سکیمیں ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے سوال اٹھایا کہ لیپ ٹاپ سکیم سے بنیادی تعلیم کو کیا فائدہ ہو ا؟ ہم نے سکولوں میں مفت کتابوں کی سکیم شروع کی۔انہوں نے کہا صاف پانی کےلئے 70 ارب رکھے ہیں تو پہلے والے پیسے کہاں گئے۔ راولپنڈی میں جنگلہ بس بنانے کی بجائے تین ہسپتال اور تین یونیورسٹیاں بنادیتے تو زیادہ فائدہ ہوتا۔