اسلام آباد ( یواین پی)قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے اسلام آباد پریس کلب پر تین روزہ کیمپ اختتام پذیر ہوگیا۔ کیمپ کے آخری روز وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کے وعدے کی یاددہانی کیلئے ’’عافیہ رہائی واک ‘‘ اسلام آباد پریس کلب تا فیصل مسجد اہتمام کیا گیا۔ جس میں پاکستانی سول سوسائٹی نے بھرپورانداز میں شرکت کرکے قوم کی بیٹی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔ تین روزہ عافیہ رہائی کیمپ میں شرکت کرنے والے افراد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سول قیادت کے ساتھ عسکری قیادت کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیمپ کے چیف کو آرڈینیٹر فہیم اللہ خان نے کہا کہ یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے کہ 9/11کے بعد پاکستان کی سول اور عسکری قیادت نے امریکہ کی بھر پور مدد کی ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کو بھاری جانی اور معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا لیکن بدلے میں ہماری سول اور عسکری قیادت اپنی قوم کی ایک معصوم بیٹی کی ظالمانہ قید بھی ختم نہیں کراسکی جو کہ پوری قوم کیلئے افسوسناک امر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عافیہ رہائی کیمپ قائم کرنے کا مقصد وزیر اعظم کو اپنا وعدہ یاد دلانا اور ارباب اختیار کو قوم کی خواہش سے آگاہ کرنا تھا جو کہ الحمد اللہ پورا ہوگیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں ارباب اختیار قوم کی خواہشوں کا احترام کریں گے۔ واضح رہے کہ اسلام آبادعافیہ رہائی کیمپ میں پنجاب کے علاوہ خیبرپختونخواہ سے بھی بڑی تعداد میں لوگوں اورعافیہ موومنٹ اسلام آباد کی کوآرڈینٹر نادیہ نعیم اور عافیہ موومنٹ خیبرپختونخواہ کے کوآرڈینٹر قاری انعام اللہ نے شرکت کی۔