اسلام آباد (یوا ین پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے گزشتہ دو سالوں کے دوران بزرگوں، ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور بھائیوں کی دعاؤں سے اقتصادی و معاشی اور دفاعی اعتبار سے ان گنت کامیابیاں حاصل کیں، آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں لاتعداد کامیابیاں حاصل کی ہیں اور پاکستان روز بروز ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ ماہ رمضان کی آمد پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے اپنی اور اپنی حکومت کی طرف سے اہل پاکستان کو رمضان کی آمد کی مبارکباد دی اور کہا کہ اﷲ تعالیٰ ہم سب کو اس مقدس مہینے کی رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کی ہمت اور توفیق عطاء فرمائے۔ انہوں نے ہم وطنوں سے درخواست کی کہ وہ اس بابرکت مہینے میں اپنے ہم وطن کو ہر گز نہ بھولیں اور ہمیشہ اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہر روز نت نئی سازشوں میں مصروف ہے اور پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے در پے ہے تاہم ہم انشاء اﷲ دشمن کو اس کے مذموم ارادوں میں ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے بلکہ ارضِ پاک کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو اپنے عزم، اپنی ہمت اور اپنے مصمم ارادوں سے ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے پاکستان کے غیور عوام سے کہا کہ وہ بالخصوص سحری، افطاری اور تراویح میں اپنے وطن عزیز کی سلامتی، امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دُعائیں کریں تاکہ ہمارا ملک ہر قسم کی بیرونی سازشوں سے محفوظ رہے اور ترقی وکامرانی اس کا مقدر بنے۔