اسلام آباد/جنیوا(یواین پی) اراکان روہنگیا یونین کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وقارالدین نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ پناہ کی تلاش میں سرگرداں روہنگیا مسلمانوں کی باعزت وطن واپسی اور شہریت کی بحالی کیلئے حکومتِ برما پر سفارتی دباؤڈالا جائے۔گلوبل روہنگیا سینٹر کے پاکستان سیکرٹریٹ سے جاری کردہ پریس بیان کے مطابق جنیوا میں منعقدہ اقوامِ متحدہ کے 29ویں سیشن برائے انسانی حقوق کونسل کے دوران او آئی سی کے خصوصی سفارتی اجلاس کے ستاون ممبر ممالک کے مندوبین سے اظہارخیال کرتے ہوئے اراکان روہنگیا یونین کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وقار نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کی پامالی کی روک تھام عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے، اراکان روہنگیا یونین میانمار میں بسنے والے روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کیلئے سرگرم دنیا بھر کی مختلف نمائندہ تنظیموں پر مشتمل اتحاد ہے۔ انہوں نے برما حکومت کی جانب سے حالیہ متعارف کردہ گرین کارڈ اور وائٹ کارڈ اسکیم اورروہنگیا مخالف قوانین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پناہ کی تلاش میں کھلے سمندروں میں بھٹکنے والے روہنگیا مسلمانوں کے کرب و تکلیف کو سمجھا جائے، روہنگیا پناہ گزینوں کی حالیہ دریافت ہونے والی اجتماعی قبریں انسانیت کیلئے عظیم سانحہ ہیں۔ ڈاکٹر وقار کا کہنا تھاکہ عالمی برادری کو روہنگیا کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ انکے بنیادی انسانی حقوق کی بازیابی بشمول نقل و حرکت کی آزادی، شادی، عبادات ، حصولِ تعلیم اور سب سے زیادہ اہم ترین شہریت کی بحالی کیلئے تعاون میں اضافہ تیز کرنا ہوگا، اجلا س کے دوران اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار کے حوالے سے کوریج کو بھی زیربحث لایا گیا۔ دریں اثنا، برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں مقیم پاکستانیوں نے اوورسیز پاکستان سولیڈیرٹی کے زیراہتمام برما کے مسلمانوں کے حق میں مظاہرہ کیا، شرکاء کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت اور انٹرنیشنل کمیونٹی کو روہنگیا کے مسئلے کے پرامن حل کیلئے روہنگیا مسلمانوں کی اپنے گھروں کو واپسی اور آئی ڈی پیز کیمپس میں امدادی کاروائی کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
We are any time contact