کراچی(یو این پی)قیامت خیز گرمی میں روزہ داروں کے لیے ٹھنڈی ٹھاربرف کسی نعمت سے کم نہیں مگر جیسے ہی گرمی کا قہر بڑھا توبرف کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے ہیں ، کراچی میں سورج گذشتہ آٹھ روز سے آگ برسا رہا ہے،ایسے میں برف کا حصول روزہ داروں کے لیے امتحان بنتا جا رہا ہے، اول تو برف مارکیٹ میں کمیاب ہے اور اگر کہیں مل بھی رہی تو منہ مانگی قیمتوں پر ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ بہت مہنگی ہے ، لائن لگا کر برف لینی پڑتی ہے ،برف تیار کرنے والی فیکٹریوں میں آرڈرز تو بہت ہیں مگر انہیں تیار کرنے کے لیے بجلی ہی نہیں ، بارہ بارہ گھنٹے بجلی کی بندش نے برف تیار کرنے والوں کے سیزن کا ستیا ناس کر رکھا ہے، فیکٹری ٹھیکیدارکا کہنا ہے کہ دس بارہ گھنٹے بجلی ہی نہیں ہوتی ، مال ہی تیار نہیں ہوتا ، مال شارٹ ہے اسی لیے مہنگا بھی ہے ،کارخانے سے دو سو اسی روپے میں ملنے والی برف کی ایک لادی اب ساڑھے تین سو سے کم میں نہیں ملتی ، جبکہ یہی لادی بازار میں چھ سو سے سات سو روپے تک کی منہ مانگی قیمت پر دستیاب ہے۔