لاہور (یواین پی)سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں اب تک دو ٹیسٹ میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں دس بہترین بولرز میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ 2014ء میں اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کرنے والے 29 سالہ یاسر شاہ نے ابھی تک صرف 9 ٹیسٹ میچ ہی کھیلے ہیں تاہم انھوں نے ان میچوں میں 54 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ سب سے کم ٹیسٹ میچوں میں 50 وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستانی بائولر بھی ہیں۔صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر صوابی سے تعلق رکھنے والے یاسر شاہ اس وقت آئی سی سی کے بہترین ٹیسٹ بولروں کی فہرست میں 750 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہیں۔ یہ ان کے کیرئیر کی بہترین ریٹنگ ہے اور وہ اس فہرست میں گال میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کے بعد شامل ہوئے ہیں۔ اس ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے اپنے کیریئر کی بہترین بائولنگ کرتے ہوئے 90 رنز دے کر سات کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا اور پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انھوں نے کولمبو ٹیسٹ میں بھی آٹھ وکٹیں لیں لیکن ٹیم کو فتح یاب نہ کروا سکے۔ یاسر نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ اکتوبر 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں کھیلا تھا۔ اس ٹیسٹ میچ میں ان کی بائولنگ دیکھ کر شہرہ آفاق آسٹریلوی لیگ سپنر شین وارن نے ان کی صلاحیتوں کی زبردست تعریف کی تھی۔