مسجد پر حملے کے بعد کویت کا سخت ترین فیصلہ، تمام شہریوں اور ریاست میں مقیم غیر ملکیوں کا ڈی این اے ٹیسٹ لازمی قرار دیدیا گیا

Published on July 3, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 726)      No Comments

abcکویت سٹی (یو ین پی) کویت میں گزشتہ ہفتے دہشت گردی کی خوفناک واردات کے بعد حکومت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام شہریوں اور ریاست میں مقیم تمام غیر ملکیوں کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دے دیا ہے۔ اخبار ’’خلیج ٹائمز‘‘ کے مطابق بدھ کو منظور کئے گئے قانون کا مقصد سیکیورٹی ایجنسیوں کو کرمنل مقدمات میں مطلوب افراد کی فوری گرفتاری کی صلاحیت فراہم کرنا ہے۔ اس قانون کے تحت وزارت داخلہ ملک کے 13 لاکھ شہریوں اور 29 لاکھ غیر ملکی افراد کا ڈیٹا بیس تیار کرے گی۔ ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے مطلوب سیمپل کی فراہمی سے انکار کرنے والوں کو ایک سال جیل اور 33 ہزار ڈالر (تقریباً 33 لاکھ پاکستانی روپے) جرمانے کی سزا دی جاسکے گی جبکہ غلط یا جعلی سیمپل دینے والوں کو سات سال تک سزا دی جاسکے گی۔ رکن پارلیمنٹ جمال العمر نے نئے قانون کی منظوری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈی این اے قانون کے ساتھ متعلقہ اداروں کیلئے اضافی فنڈز کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی سلامتی کی خاطر ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کویتی دارالحکومت میں ایک دہشت گرد نے امام صادق مسجد میں جمعے کی نماز کے دوران خود کش حملہ کرکے 26 افراد کو شہید جبکہ 227 کو زخمی کردیا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری شام اور عراق میں سرگرم شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress主题