وزیرستان (یو این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقوں کا دورہ کیا ہے جہاں انہیں آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی ہے۔ پاک فوج کے ترجمان ادارہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایاگیا ہے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شوال کے علاقہ کو کلیئر کروانے کے لیے آپریشنز کو سراہا جبکہ ارد گرد کی چوٹیوں کو بھی دہشت گردوں سے پاک کروانے پر جوانوں کو شاباش دی ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دور دراز علاقوں میں دہشت گردوں کے سلیپنگ سیل ختم کر دیے ہیں اور اب ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی آپریشن کیے جا رہے ہیں ۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے خفیہ اطلاع پر جاری آپریشن انٹیلی جنس کی کامیابی کے ثبوت ہیں۔
انہوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین افواج میں سے ہے اور ان کے لیے قابل تحسین بات ہے کہ وہ پاک فوج کی کمانڈ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے ہدایات کیں کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی کا عمل تیز کیا جائے تاکہ ان علاقوں میں زندگی واپس آ سکے۔