اسلام آباد (یواین پی)پاکستان اور سعودی عرب کی جانب سے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں اسلامی ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے مسئلہ روہنگیا پر پیش کردہ قراداد کو اپنائے جانے پر روہنگیا مسلمانوں نے متفقہ طور پر تائید کردی ہے، منگل کو پاکستان اور سعودی عرب کے نام لکھے گئے خط برائے اظہارِ تشکر میں گلوبل روہنگیا سینیٹر اور روہنگیا تنظیموں کے اتحاد اراکان روہنگیا یونین نے کہا ہے کہ میانمار کے علاقے اراکان میں بسنے والے مسلمانوں کو درپیش انسانی حقوق مسائل کے پرامن حل کیلئے عالم اسلام کے قریب ترین اتحادی ممالک پاکستان اور سعودی عرب کی مشترکہ کاوشیں ناقابلِ فراموش ہیں، گلوبل روہنگیا سینٹر کے صدر شیخ عبداللہ معروف اور اراکان روہنگیا یونین کے ڈائریکٹر جنرل وقار الدین کے دستخطوں سے جاری کردہ خط میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کی شہریت کی بحالی اور وطن واپسی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ 1982 ء سے شہریت منسوخ کیے جانے کے ظالمانہ اقدام کی بدولت بے وطن روہنگیا مسلمانوں کے حق نقل و حرکت، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کا سلسلہ جاری ہے، دونوں روہنگیا راہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور سعودی عرب کی قرارداد کی بدولت حکومتِ میانمار پر قانونِ شہریت پر نظرثانی کرنے کیلئے دباؤ میں اضافہ ہوگا اور بے گھر روہنگیا مسلمانوں کی اپنے علاقوں میں واپسی ممکن ہوسکے گی۔