کوٹ رادھا کشن(یواین پی)سستے رمضان بازار مہنگے ہونے لگے انتظامیہ کو چپ لگ گئی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف کے حکم پر ماہ رمضان میں پنجاب میں سستے بازاروں کا جال بچھایا گیا تاکہ غریب عوام کو ماہ رمضان میں خوردونوش کی اشیاء عام بازارو ں کی نسبت سستی ملیں مگر وزیراعلٰی کی یہ خواہش دم توڑ گئی جب مفاد پرست تاجروں نے بازار پر اپنی مرضیاں مسلط کرکے سستے بازار کو مہنگا کر دیا۔افسوس کے مقامی انتظامیہ بے بس نظر آنے لگی۔شہری ہاتھ ملنے لگے تاجروں کی چاندی ہو گئی اور عید کی تمام خوشیاں تاجروں نے رمضان بازار سے لوٹنا شروع کر دی۔عوامی حلقوں نے وزیراعلٰی سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے ہاتھ سے انسپیکشن ٹیم بھیج کر رمضان بازار میں پائی جانے والی گرمی کے ٹمپریچرکو کم کرنے کی سبیل پیدا کریں ورنہ غریب زندہ دفن ہو جائیں۔
بلدیہ اور سرکاری ہسپتال عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام
کوٹ رادہاکشن(یواین پی)ٹی ایم اے قصور کی غفلت و لاپرواہی اور بے توجہی سے کوٹرادہاکشن نے کوڑے دان کا روپ دھار لیا ہے۔ ہر گلی محلے میں گندگی کے ڈھیر تعفن شدہ نالیوں میں پانی اور سڑکوں کی نا گفتہ بہ حالت سے شہریوں کا دم گھٹنے لگا ۔دکھ اس بات کا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر اور نہ ہی ٹی ایم اے کو توفیق ہوتی ہے کہ وہ شہر کی صحت و صفائی کی گرتی ہوئی حالت کو ٹھیک کرنے کے لئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی کریں ایک عرصہ سے شہر نہ صرف کوڑادان بلکہ بدبو کا کنواں بن چکا ہے اگر شہر کی حالت اسی طرح دگر گوں رہی تو شہریوں کو موذی امراض سے کوئی ڈاکٹر نہیں بچا سکتا ہے۔اور پھر جہاں سرکاری ہسپتال بھی عوامی امنگوں کے مطابق کام نہ کر رہا ہو تو شہریوں کو موت سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔ہسپتال بھی مریضوں کے لئے کوڑے دان سے کم نہیں جہاں نائب قاصد سے لے کر ڈاکٹروں تک سب کے سب اپنے کلینک اور ہسپتال چلا رہے ہوں اور مریضوں کوڈسپرین کی گولی بھی نہ ملے۔