کراچی (یو این پی)وزیراعلیٰ سندھ کی معاونِ خصوصی برائے ثقافت و سیاحت شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ نیشنل میوزیم میں موجود قرآن پاک کے قدیم و نایاب نسخے کسی قیمتی خزانے سے کم نہیں دنیا میں بہت ہی کم ممالک کے پاس اتنی نایاب کلیشن ہوگی۔ نوجواں نسل کو چاہئے کہ اس خزانے کی نمائش سے استفادہ حاصل کریں اور اپنی تاریخی حیثیت و قابلیت سے روشناس ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہء ثقافت و سیاحت کے زیر اہتمام قومی عجائب گھر میں قیمتی و نایاب قرآنی نسخوں کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہء ثقافت اپنے قومی ورثے اور اثاثوں کی بحالی اور حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ اور نیشنل میوزیم میں بھی کئی ترقیاتی اسکیمیں زیر تکمیل ہیں جس کے بعد میوزیم میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل میوزیم کے ساتھ ہی سندھ کلچرل ولیج بھی تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے عوام اور سول سوسائٹی کے ساتھ ساتھ دیگر غیر سرکاری تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ میوزیم کلچر کی پاکستان میں بحالی اور فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور اپنی فیملز کے ساتھ ایسی معلوماتی نمائشوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ نمائش میں 50 سے زائد قرآن پاک کے نسخے رکھے گئے ہیں، جن میں ہزار سال پرانے عربی، فارسی اور ترکش رسم الخط کے نسخے قابل دید ہیں۔واضح رہے کہ قرآن پاک کی یہ معلوماتی نمائش 14 جولائی سے 31 جولائی تک قومی عجائب گھر کراچی میں جاری رہے گی۔