لاہور (یو این پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے عید الفطر کے پر مسرت موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ عید کا تہوار اہل ایمان سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران پیدا ہونے والے زہدوتقویٰ ، تزکیہ نفس ، سادگی ، ایثار اور صبر و تحمل کے اوصاف حمیدہ کو مستقل طور اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ عید کے پر مسرت موقع پر ہمیں غریبوں، یتیموں، بیواؤں اور بے سہارا افرا د کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔خوشی کے اس موقع پر ہمیں کم وسیلہ طبقات کی مدد کر کے اپنا مذہبی ،قومی، سماجی اور اخلاقی فریضہ پورا کرنا چاہئے۔ ہمیں معاشرے کے نادار،بے سہارا اور مشکلات میں گھرے ہوئے افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرکے اپنا دینی،ملی اور قومی فریضہ اداکرنا ہے۔عید الفطر دراصل ایک ماہ کی ریاضت اورعبادت کے بعد اﷲ تعالیٰ کامسلمانوں کیلئے خاص انعام اور تحفہ ہے اور خوشی کے اس موقع پر غریب اور پسے ہوئے طبقات کو ہر گز بھولنا نہیں چاہیے جو ہماری توجہ اور مدد کے منتظر ہوتے ہیں۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے عید کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید الفطر کا مذہبی تہوار تقاضا کرتا ہے کہ بے سہارا اور محروم معیشت طبقات کو ہرگز نظرانداز نہ کیا جائے بلکہ انہیں اپنی خوشیوں میں اپنے خاندان کے افراد کی طرح شامل کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت غریب عوام کو ریلیف اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کر رہی ہے۔ماہ مقدس کے دوران صوبے بھر میں قائم رمضان بازاروں کے ذریعے عوام کو معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ غریبوں، یتیموں، بیواؤں اور بے سہارا افراد جن کیلئے وسائل کی کمی کے باعث عیدکی خوشیاں مناناممکن نہیں ان کی بھرپور مدد کر کے نہ صرف انہیں خوشیاں دے سکتے ہیں بلکہ اﷲ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی حاصل کی جا سکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہاہے۔دہشت گردی اور انتہاء پسندی نے ملک کے امن اور معیشت کو تباہ کیاہے۔ترقی وخوشحالی اور ملک سے غربت کے اندھیرے دور کر نے کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پر عزم ہے ۔انشاء اﷲملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرکے دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے پر مسرت اور بابرکت موقع پر ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم اﷲ تعالی کی رضا اور خوشنودی کیلئے دکھی اورلاچار انسانیت کی خدمت کواپنی زندگی کا شعار بنائیں گے۔ مستحق اور بے سہارا افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک کرکے ہی ہم دنیا اور آخرت میں فلاح پاسکتے ہیں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ عیدالفطر کے موقع پر ملک کی سلامتی ، بقاء ، ترقی و خوشحالی،استحکام اوردہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے اﷲ تعالی کے حضور میں خشوع و خضوع کے ساتھ گڑ گڑاکر خصوصی دعا کریں اور یہ عہد کریں کہ ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔