کراچی (یو این پی) کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا ہے کہ سانحہ صفورہ کے تمام بڑے کردار پکڑے جاچکے ہیں۔ اب دہشتگرد کے ساتھ ساتھ سہولت کاروں اور مالی مدد کرنیوالوں کو بھی کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ یہ باتیں اُنہوں نے الاظہر گارڈن میں سانحہ صفورا کے شہداءکے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈر کا کہنا تھا کہ سانحہ صفورا کے شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سانحہ صفورہ کی تحقیقات میں کافی پیش رفت ہوئی ہے تاہم دہشتگردی کیخلاف کامیابیوں کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے سنٹرل جیل کراچی کا دورہ کیا اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ کورکمانڈر نے جیل کی سیکیورٹی پر تعینات فوجی جوانوں اور دیگر اہلکاروں سے ملاقات کی اور اُنہیں عید ملے۔