لندن (یواین پی) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الطاف حسین کا کہنا ہے کہ بھوک ہڑتال کے انتظامات شروع ہو چکے ہیں اور مقامی انتظامیہ سے اجازت ملتے ہی بھوک ہڑتال شروع کر دوں گا۔انہوں نے کہا کہ سیکڑوں کارکنوں کو قتل کر دیا گیا لیکن ایک بھی قاتل نہیں پکڑا گیا اور جب کراچی میں آپریشن شروع ہوا تو صرف ایم کیو ایم کےکارکنوں کو ہی نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس تادم مرگ بھوک ہڑتال کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے، جان دے دوں گا لیکن مظلوم عوام کے حقوق کا سودا نہیں کروں گا۔ رابطہ کمیٹی کو وصیت کی ہے کہ تحریک کے شہداء کو ہمیشہ یادرکھے۔