راجن پور/ ڈیرہ غازی خان (یو این پی)وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن شفاف تھے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں ،دھرنوں سے معیشت کو جو نقصان پہنچا اس کا خمیازہ قوم آج بھی بھگت رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے یہ باتیں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سیلاب متاثرہ علاقوں کاجائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیں۔وزیر اعلی پنجاب سیلاب متاثرین کیلئے کی جانیوالی امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے راجن پور کے علاقے کوٹ مٹھن گئے جہاں انہوں نے خیمہ بستیوں کا دورہ بھی کیاجبکہ اس کے علاوہ جکھڑامام شاہ میں متاثرہ بند کا معائنہ کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ دیا میر بھاشا ڈیم ،داسوڈیم سمیت دیگر ڈیمز جلد مکمل کئے جائیں گے جن کے لئے اربوں روپے مختص کرینگے۔ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ اگلے چند سالوں میں ڈیم بنائے جائیں گے ،ڈیمز راتوں رات تو نہیں بن سکتے۔انہوں نے کہا کہ کوئی تکلیف اور بیماری عوام سے دور نہیں رکھ سکتی ، اپنا علاج چھوڑ کر مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کے پاس آیا ہوں۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ میرا راجن پور سے دیرینہ تعلق ہے ،جب تک سیلاب کا پانی یہاں موجود ہے میں آتا رہوں گا اور بحالی کاموں کا جائزہ لیتا رہوں گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ راجن پور ہی نہیں پورا جنوبی پنجاب میرا گھر ہے ، گھر والوں کے ساتھ اچھا برتاؤنہیں کروں گا تو باہر والوں کے ساتھ کیسے اچھا برتا ؤ کر وں گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اورمسلم لیگ (ن)کی حکومت کو کریڈ ٹ جاتا ہے کہ انہوں نے معیشت کو صحیح سمت پر گامزن کر دیا۔شہباز شریف نے آخر پر کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں ، الیکشن شفاف تھے ،دھرنوں سے معیشت کو جو نقصان پہنچا اس کا خمیازہ قوم آج بھی بھگت رہی ہے۔وزیر اعلی شہباز شریف نے جکھڑامام شاہ میں متاثرہ بند کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیر نو کے کام میں تاخیر پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی ، عوامی منصوبوں کی تعمیر نو میں تاخیر پر متعلقہ افسران کو شرم آنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 30کروڑ اس لئے مختص نہیں کئے کہ عوامی منصوبے سرخ فیتے کی نذر ہو جائیں۔اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب نے متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شگاف کو پْرکرنے کا حکم دیاجائے۔