راولپنڈی (یو این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ہر دم تیار ہیں اور بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرز کا اجلاس ہو اجس میں کنٹرول لائن کی خلاف ورزی سمیت دیگر اہم امور کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران آرمی چیف کو انٹیلی جنس بنیادوں پر ملک کے مختلف علاقوں میں جاری آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کے باعث ملک میں امن کی صورتحال سے متعلق اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن قائم کرنے کیلئے مذاکرات بہترین راستہ ہے۔ افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا عمل خراب کرنے والے عناصر امن کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت اور ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئے بھر پورصلاحیت رکھتی ہے اور ہر دم تیار ہے۔ راحیل شریف نے دوران اجلاس ملک کی اندرونی وبیرونی سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔