اسلام آباد(یو این پی) وزیراعظم نوازشریف کہتے ہیں سپریم کورٹ کافیصلہ پارلیمان کی بالادستی کی سند ہے، ایوان کو نظرانداز کر کے فیصلے سڑکوں پرکرنے سے جمہوری نظام پر ضرب پڑتی ہے، ہمیں رسہ کشی کے بجائے ملکی مسائل پرتوجہ دینا ہوگی،وزیراعظم نوازشریف نے قومی اسمبلی کے خطاب میں کہا سپریم کورٹ نے18ویں اور21ویں آئینی ترامیم کودرست قراردیا،انہوں نے کہا کہ عدالت نے فوجی عدالتوں کے قیام کو جائز قرار دیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کاتاریخ سازفیصلہ مستقبل پرمثبت اثرات مرتب کریگا،فوجی عدالتوں کے قیام پر تمام پارلیمانی جماعتوں کو تحفظات تھے، غیر معمولی حالات کے لیے غیرمعمولی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے،انہوں نے کہاکہ پارلیمان کے فیصلے کوعدالت کی توثیق حاصل ہوگئی ہے،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج اورسول ادارے دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑرہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کو اس فیصلے سے تقویت ملے گی۔