ایبٹ آباد (یواین پی) تعلیمی ثانوی بورڈ ایبٹ آباد نے ایف اے/ایف ایس سی کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، 34 ہزار 775 طلباء و طالبات نے امتحانات میں حصہ لیا، 20 ہزار 200 طلباء وطالبات نے کامیابی حاصل کی، نتائج کا تناسب 58 فیصد رہا۔ پہلی 20 پوزیشنوں کیلئے طلباء و طالبات میں کانٹے دار مقابلہ ہوا، پہلی پوزیشن 2 طلباء جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشنیں طالبات نے اپنی نام کر لیں۔ جناح بیسک سکول اینڈ کالج مانسہرہ کے طالب علم عاقب حبیب اورد ی پیس گروپ آف کالجز ایبٹ آباد کے طالب علم کامران طارق نے 978 نمبر حاصل کر کے ایبٹ آباد بورڈ میں پہلی، دبئی انٹرنیشنل پبلک سکول اینڈ کالج مانسہرہ کی طالبہ نجمہ زیب نے دوسری جبکہ برائٹ ویژن ماڈل کالج کی طالبہ زینب اعجاز نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ ایف اے /ایف ایس سی نتائج میں پہلی 20 پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں تعلیمی بورڈ ایبٹ آباد کے ہال میں چیئرمین ایبٹ آباد بورڈ افتخارالملک کی زیرصدارت تقریب منعقد ہوئی۔ کنٹرولر امتحانات جہانزیب خان نے پہلی 20 پوزیشنوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایف ایس سی پری میڈیکل گروپ میں 6 ہزار 498 طلباء و طالبات نے امتحان میں حصہ لیا،4 ہزار 699 طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی، نتائج کا تناسب 64.23 فیصدرہا۔ پری انجینئرنگ گروپ میں 5 ہزار 891 طلباء و طالبات نے امتحان میں حصہ لیا، 4 ہزار 350 طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی، نتائج کا نتاسب73.84 فیصد رہا۔ آرٹس گروپ میں 15 ہزار 49 طلباء و طالبات نے امتحان میں حصہ لیا، 3 ہزار 786 طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی، نتائج کا نتاسب 25.16 فیصد رہا۔ کمپوٹر جنرل سائنس گروپ میں 2 ہزار 9 طلباء و طالبات نے امتحان میں حصہ لیا، 842 طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی اس طرح نتائج کا نتاسب 42 فیصد رہا۔ میڈیکل ٹیکنالوجی گروپ میں169 طلباء وطالبات نے امتحان میں حصہ لیا، 61 نے کامیابی حاصل کی، نتائج کا تناسب 36 فیصد رہا۔ کنٹرولر امتحانات نے پہلی 20 پوزیشنوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جناح پبلک سکول اینڈ کالج مانسہرہ کے طالب علم عاقب حبیب اور دی پیس گروپ آف کالجز ایبٹ آباد کے طالب علم کامران طارق نے 978 نمبر حاصل کر کے ایبٹ آباد بورڈ میں پہلی، دوبئی انٹرنیشنل پبلک سکول اینڈ کالج مانسہرہ کی طالبہ نجمہ زینب نے 966 نمبر حاصل کر کے دوسری، برائٹ ویژن ماڈل کالج ہری پور کی طالبہ زینب اعجاز نے 963 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔