دبئی(یو این پی) دبئی میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آٹھویں جائزے کے مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں۔ مذاکرات کے بعد وزیر خزانہ اسحق ڈار نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بنک کو خودمختار ادارہ بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ملک میں مہنگائی 12سال کی کم ترین سطح پر آگئی اور زرِمبادلہ کے ذخائر تاریخ کے بلند ترین سطح پرہیں۔ پاکستان نے پچھلی سہ ماہی میں تمام معاشی اہداف حاصل کئے ہیں اس لئے آئی ایم ایف نے پاکستان کی اقتصادی ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اورآئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بعد قرضے کی نویں قسط جاری کردی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات تین سالہ توسیع فنڈ کی سہولت سے متعلق تھے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں مالیاتی خسارہ 8.8سے کم ہوکر 5.3پر آگیا ہے۔ ہم نے ہدف سے زیادہ شرح نمو بھی حاصل کئے ہیں۔ مہنگائی کی شرح میں 2سالوں میں کمی ہوئی مالی خساروں کاہدف 5.5فیصد ہے۔ ٹیکس آمدن میں گزشتہ سال کی نسبت 15فیصد اضافہ ہوا۔ گذشتہ سال ترسیلات زر میں بھی ریکارڈ اضافہ ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری معاشی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگی۔ آر بی ڈی سمیت عالمی ادارے پاکستان کیساتھ کام کرہے ہیں۔ تیل کی قیمتوں اور کموڈٹی قیمتوں میں کمی آنے سے جاری کھاتوں کا خسارہ کم ہوا۔ ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوگی تاہم مہنگائی کچھ بڑھ سکتی ہے۔