اسلام آباد(یو این پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پیر کے روز پرانے باب کو ختم کر کے نئے باب کا آغاز کریں گے اور تحریک انصاف کا اسمبلی میں ڈیسک بجا کر ویلکم کریں گے، تمام باتیں درگزر کر چکے ہیں ہماری سیاست ردعمل کی نہیں ہے، دہشت گردی’ بجلی بحران’ بے روزگاری’ شاف نطام اور گڈ گورننس حقیقی اپوزیشن ہے، حزب اختلاف ایسے مسائل پر اپوزیشن کرے۔ جمعہ کے روز وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے اپنے ایک انٹرویو میں تحریک انصاف پر رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صبح کا بھولا شام کو گھر لوٹ آئے تو اسے بھولا نہیں کہتے پی ٹی آئی اراکین کو اسمبلی میں ڈیسک بجا کرخوش آمدید کہیں گے ہم نے تمام باتیں درگزر کر دیں کیونکہ ہماری سیاست ردعمل کی نہیں ہے انہوں نے کہا کہ جب جوڈیشل کمیشن بنایا تھا تو اس کا جو بھی فیصلہ آتا وہ تسلیم کرتے اور اگر ہمارے خلاف فیصلہ آتا تو ہم گھر چلے جاتے لیکن ہماری پارٹی نے درست فیصلہ کیا –