پشاور (یواین پی)تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے 69 ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک اور بیرون ملک مقیم تمام پاکستانیوں کو دلی مبارکباد دی ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آزاد پاکستان اللہ کی خاص نعمت ہے اسے مستحکم اور خوشحال بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ ریحام خان نے کہا کہ یہ دن ہمیں آزاد مادر وطن کے حصول کیلئے برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ ہمیں آج یہ عہد کرنا ہو گا کہ پاکستان کو مستحکم، خوشحال بنانے کیلئے قائداعظم کے اصولوں اتحاد، یقین اور نظم و ضبط پر عمل کرینگے جہاں لوگ مساوات، انصاف اور بھائی چارے کو فروغ دینگے۔ سپیکر نے کہا کہ بابائے قوم نے پاکستان کو ایک جمہوری ملک بنانے کا خواب دیکھا تھا اس لئے ہمیں ملک میں جمہوری استحکام کیلئے سخت محنت کرنی چاہئے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ ملک میں جمہوریت کے استحکام، عوام کو بااختیار بنانے اور ملکی ترقی کیلئے ملکر کام کریں ہم اپنے باہمی اختلافات کو بھلا دیں تاکہ ہمیں دنیا میں حقیقی مقام حاصل ہو سکے۔