واشنگٹن(یوا ین پی) امریکا میں ہونے والے ایک مطالعے سے انکشاف ہوا ہے کہ چین میں فضائی آلودگی خوفناک حد تک بڑھنے سے کم ازکم 4 ہزار افراد روزانہ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے میں ہونے والے سروے کے بعد اندازہ لگایا گیا ہے کہ ہر سال چین میں فضائی آلودگی کی وجہ سے 16 لاکھ افراد قلب، پھیپھڑوں اور فالج کے دوروں سے ہلاک ہورہے ہیں جب کہ یہ فضائی آلودگی چین میں بجلی اور حرارت کے لیے کوئلے جلانے سے غیرمعمولی دھویں سے پیدا ہورہی ہے۔سروے کے مرکزی مصنف کے مطابق چین کی 38 فیصد آبادی انتہائی آلودہ علاقوں میں رہتی ہے جن میں بیجنگ کا جنوب مغربی علاقہ سب سے زیادہ آلودہ ہے جب کہ کیلیفورنیا کا علاقہ میڈرا ،امریکا کا سب سے آلودہ فضا کا حامل خطہ ہے لیکن مشرقی چین کا نصف حصہ اس سے بھی زیادہ آلودہ ہے تاہم امریکا میں بھی فضائی آلودگی سے ہرسال 35 ہزار سے 2 لاکھ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھوتے ہیں۔چین نے فضائی آلودگی کے خطرات کو سمجھتے ہوئے کئی اہم اقدامات اُٹھائے ہیں جن میں کوئلے کے استعمال میں کمی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس میں کمی جیسے اہم اقدامات شامل ہیں۔