امرتسر(یو این پی)بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر بکرم سنگھ کو سینکڑوں لوگوں کے سامنے اس وقت خفت اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب گزشتہ روزانوہں نے اپنے یوم آزادی کے حوالے سے تقریب کے دوران قومی پرچم الٹا لہرا دیا۔ حیرت انگیز طورپر تقریب میں اس سنگین غلطی کا نوٹس ایک گھنٹے تک نہیں لیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پنجاب کے شہر امرتسر گرونانک آڈیٹوریم میں 69 ویں آزادی کے حوالے سے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں پنجاب کے کیبنٹ منسٹر بکرم سنگھ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے کیا گیا اور جب پرچم لہرایا گیا تو وہ الٹا تھا ، حیران کن طورپر وہاں متعدد اعلیٰ افسران بھی موجودتھے کسی کو اس بات کا علم نہیں ہوسکا کہ قومی پرچم الٹا لہرارہا ہے۔ ایک گھنٹے کے طویل وقت کے بعد افسر کی نشاندہی پر غلطی درست کی گئی۔ علاوہ ازیں تقریب کے بعد کیبنٹ منسٹر نے اپنی غلطی کا ملبہ افسران پر ڈال دیا اور دو پولیس کانسٹیبل کو فوری طورپر معطل کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔