لاہور(یو این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیر داخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ شہید کے نام سے ایک ادارہ منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے، لاہور میں کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ شہید کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور دعا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شجاع خانزادہ کا خون ایک قرض ہے جسے اتارے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، انہوں نے شجاع خانزادہ شہید کی شخصیت کے شایان شان ایک ادارے کو انکے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کابینہ کمیٹی کو جلد تجاویز دینے کی ہدایت کی،ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہداء کا خون رنگ لائے گا اور ملک کو اس لعنت سے پاک کیا جائے گا، شجاع خانزادہ شہید نے بہادری کی ایک ایسی مثال قائم کی ہے جس کو سامنے رکھتے ہوئے ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔