لاہور(یو این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ باؤلر محمد آصف کی سزا کے خاتمہ اور 2 ستمبر سے انہیں ڈومیسٹک کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے کے بارے میں پی سی بی کو تفصیلی جواب بھی موصول ہو گیاجس میں لکھا گیا ہے کہ آئی سی سی اپنے پہلے فیصلے پر قائم ہے اور کھلاڑیوں کو 2 ستمبر کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے نہیں روکا جا سکتا۔اس بارے میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ پی سی بی کی جانب سے سلمان بٹ اور محمد آصف کو محض کھلاڑیوں کو اینٹی کرپشن کے لیکچر میں تاخیر کی وجہ سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے نہیں روکا جاسکتا۔ ذرائع کے مطابق اس صورتحال کے پیش نظر پی سی بی آج حتمی فیصلہ کرے گا اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ سلمان بٹ اور محمد آصف یکم ستمبر سے راولپنڈی میں شروع ہو نے والے قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے لئے میسر ہو ں گے۔یوا ین پی کے مطابق یادرہے کہ چند روز قبل آئی سی سی نے سلمان بٹ اور محمد آصف کی پانچ سالہ پابندی کی سزا کے خاتمہ کے قریب آنے سے دو ہفتے قبل اعلامیہ جاری کیا کہ یہ دونوں کھلاڑی اپنی سزا کی تکمیل کے بعد 2 ستمبر سے کرکٹ کھیلنے کے اہل ہو نگے۔ یہ بات بھی سامنے آ چکی ہے کہ آئی سی سی نے یہ اعلامیہ جاری کرنے سے قبل پی سی بی سمیت اپنے تمام ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کو خط لکھ کر اس بارے میں رائے یا کوئی اعتراض طلب کیا مگر پی سی بی سمیت کسی بھی رکن ملک نے اس پر کوئی جواب نہ دیا جس کے بعد آئی سی سی نے ان کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت دیدی۔ جس پر پی سی بی نے وضاحتی خط لکھا مگر آئی سی سی کا جواب وہی رہا کیونکہ وہ ان کھلاڑیوں ، ان کے وکلا اور پی سی بی کو سزا کی تکمیل کے بارے میں مطلع کرچکے تھے اور ان کے پاس کھلاڑیوں کو کرکٹ سے دور رکھنے کا کوئی قانونی جواز نہیں تھا۔با وثوق ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے اپنے وضاحتی خط میں بھی یہی لکھا ہے کہ ان کھلاڑیوں کو قانونی طور پر کھیلنے سے مزید نہیں روکا جا سکتا تاہم ان کھلاڑیوں کو کسی ٹیم میں منتخب کرنا یا نہ کرنا پی سی بی کا کام ہے۔