عمران خان ہر نو بال پر وکٹ لینا چاہتے ہیں،رانا ثناء اللہ

Published on August 26, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 439)      No Comments

066
الیکشن کمیشن معتبر آئینی ادارہ ہے‘ عمران خان بے بنیاد الزام تراشی نہ کریں‘ وزیر قانون پنجاب
لاہور ( یو این پی)صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن معتبر آئینی ادارہ ہے، عمران خان بے بنیاد الزام تراشی نہ کریں، آئینی اداروں پر بے بنیاد الزام تراشی کر کے ان کی ساکھ تباہ کرنے کا رویہ ترک کیا جائے، انتخابات کے بارے میں جوڈیشل کمیشن کے واضح فیصلے کے باوجود تحریک انصاف کا واویلابے وقت کی راگنی ہے۔ صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہر نوبال پر وکٹ لینا چاہتے ہیں۔انہیں یقین ہی نہیں آتا کہ وہ میچ ہار چکے ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما ہر موقع پر مرضی کا انصاف چاہتے ہیں۔ راناثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان دھاندلی کے بے بنیاد الزامات لگا کر قوم کا وقت ضائع نہ کریں۔ دھرنے کے نام پر یرغمال بنانے والے اب قوم کو گمراہ نہیں کر سکیں گے۔ عوام باشعور ہیں۔ عمران خان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میٹروبس پر تنقید کرنے والے دراصل عوام کے دشمن ہیں۔ عمران خان میٹروبس کی مقبولیت سے بے حد خائف ہیں۔ وہ ملک و قوم کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے۔ عوام خدمت کرنے والوں کو ووٹ دیتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) عوام دوست جماعت ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کے مسائل حل کر رہی ہے۔ کاشتکاروں کے نام پر کسی کو سیاست چمکانے کا موقع نہیں دیں گے۔ پنجاب کے غیور کسان اپنے دوست اور دشمن کو خوب پہچانتے ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress主题