لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے سپر لیگ کے شیڈول کا اعلان کردیا، سپر لیگ چار فروری سے چوبیس فروری تک قطر کے شہر دوحا میں ہوگی۔پاکستان کرکٹ ٹیم (پی سی بی) کی گورننگ باڈی کے ممبر نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ چار فروری سے چوبیس فروری تک قطر کے شہر دوحا میں ہوگی، پاکستان سُپر لیگ میں ویسٹ انڈیز کے چار کھلاڑی شامل ہیں۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان سُپر لیگ اسی نام سے ہوگی، ایونٹ میں پانچ ٹیمیں کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد حصہ لیں گی، پانچ ٹیمیں چوبیس میچز کھیلیں گی، نجم سیٹھی کے مطابق لیگ میں پچیس غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی شامل کرنا ہے، لیگ میں چار کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے، چار سری لنکا کے اور دو کھلاڑی بنگلہ دیش کے شامل ہوں گے، جب کہ بھارت سے سپر لیگ میں کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہوگا۔نجم سیٹھی نے مزید بتایا کہ جیتنے والی ٹیم کیلئے ایک ملین ڈالر کا انعام رکھا گیا ہے، کھلاڑیوں کو دس ملین تک کی انعامی رقوم دی جائیں گی، ایونٹ میں پندرہ کھلاڑی پلاٹنیم اور ڈائمنڈ کیٹیگری میں شامل ہیں، جب کہ سپر لیگ کے براڈ کاسٹر، اسپانسر اور فرنچائز کا فیصلہ ستمبر میں کیا جائے گا۔ نجم سیٹھی کے مطابق یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ثابت ہوگا۔